ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی کانگریس کی لبنانی حزب اللہ پر نئی پابندیاں عاید

امریکی کانگریس کی لبنانی حزب اللہ پر نئی پابندیاں عاید

Thu, 26 Oct 2017 18:46:15    S.O. News Service

واشنگٹن،26؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )امریکی ایوان نمائندگان نے ایرانی حمایت یافتہ لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ پر نئی اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کی منظوری دی ہے۔ ادھر آج جمعرات کو امریکی کانگریس ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام جاری رکھنے پر تہران کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری دے گی۔خبر رساں اداروں کے مطابق گذشتہ روز ایوان نمائندگان میں حزب اللہ کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری دی گئی۔ نئی پابندیوں کے تحت حزب اللہ کے خلاف تین اہم قدامات اٹھائے جائیں گے۔ حزب اللہ پر پابندیوں کے لیے رائے شماری میں کسی رکن نے مخالفت میں ووٹ نہیں ڈالا۔ آج جمعرات کو ایوان میں ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے تسلسل کے رد عمل میں تہران پر نئی پابندیوں کی منظوری دی جائے گی۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 13 اکتوبر کو نے ایران کے ساتھ طے پائے جوہرہ سمجھوتے کی مزید توثیق سے انکار کردیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے اس معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی بھی دی ہے۔امریکی صدر کے اقدام کے بعد کانگریس کے پاس ایران کے متنازع جوہری پروگرام پر نئی پابندیوں کے لیے دو ماہ کا وقت ہے۔ ابھی تک ایران کے متنازع جوہری پروگرام پر طے پائے سمجھوتے کی خلاف ورزیوں کے رد عمل میں تہران پر پابندیاں عاید نہیں کی گئیں تاہم بالواسطہ طور پر یہ پابندیاں حزب اللہ اور ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر لگائی جا رہی ہیں۔حزب اللہ کے خلاف نئی پابندیوں کے تحت تنظیم کو رقوم اور اسلحہ سمیت کسی بھی قسم کی معاونت پر پابندی عاید کی گئی ہے۔ دوسرے اقدام میں ایران اور حزب اللہ پر شہریوں کو انسانی ڈھال بنانے پر پابندیاں عاید کی جا رہی ہیں جب کہ تیسرے اقدام میں یورپی یونین سے مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ قرار دے۔امریکا نے حزب اللہ کو سنہ 1997ء میں غیرملکی دہشت گرد گروپ قرار دیا تھا۔ رواں ماہ امریکی حکومت نے حزب اللہ کے تین اہم کمانڈروں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری یا معلومات فراہم کرنے پر انعامات مقرر کئے تھے۔


Share: